عید کے چاند کے متعلق نئی بحث چھڑ گئی

محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں عیدالفطرسوموار کے روز ہونے کا امکان جبکہ دوسری جانب وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا دعویٰ ہے عید اتوار کے روز ہو گی

لاہور (نیوز ٹائم اپڈیٹس )شوال مکرم 1441 ہجری کاچاند دیکھنے کے لئے مرکزی اورزونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس 23مئی کو ہوں گے جس میں رویت ہلال کمیٹی کے ممبران سمیت محکمہ موسمیات اورفلکیات کے نمائندے بھی شرکت کریں گے رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن عیدالفطر کب منائی جائیگی اس کا اعلان کریں گے اس سے قبل محکمہ موسمیات اورغیرسرکاری رویت ہلال ریسرچ کونسل کی طرف سے یہ پیش گوئی سامنے آچکی ہے کہ عیدالفطر پیر25 مئی کوہونے کا امکان ہے لیکن وفاقی وزیرسائنس وٹیکنالوجی فوادچوہدری نےدعوی کیا تھا کہ عید 24 مئی کو ہوگی

رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری خالداعجازمفتی کے مطابق ہلال اس وقت تک دکھائی نہیں دیتا جب تک کہ اس کی عمر غروب آفتاب کے وقت کم از کم 19 گھنٹے اور غروب شمس و غروب قمر کا درمیانی فرق کم از کم 40 منٹ سے زائد نہ ہوجائے  نیز چاند کا زمین سے زاویائی فاصلہ کم از کم 6 ڈگری اور چاند کا سورج سے زاویائی فاصلہ کم از کم 10 ڈگری ہونا ضروری ہے انہوں نے کہا کہ شوال کا چاند 22 مئی کو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 10 بج کر 39 منٹ پر پیدا ہوگا ہفتہ 23 مئی کی شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر اگرچہ پاکستان کے تمام علاقوں میں 20 گھنٹوں سے زائد ہوگی نیز غروب شمس اور غروب قمر کا درمیانی فرق پشاور چارسدہ  راولپنڈی، اسلام آباد مظفرآباد گلگت اور لاہور میں 39 منٹ جبکہ کراچی کوئٹہ اورجیوانی میں 40 منٹ ہوگا لیکن دیگر عوامل ناکافی ہونے کے باعث ہلال پشاور لاہور اور کوئٹہ میں بصری آلات کی مدد کے بغیر دکھائی نہیں دے سکتا

اپنا تبصرہ بھیجیں